کراچی: بارش کے پانی میں کرنٹ نے پولیس اہلکار کی جان لے لی
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں جوہر کمپلیکس میں جمع بارش کے پانی میں کرنٹ آنے سے ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے اہلکار، وسیح اللہ، ایک بیٹے کے باپ اور ان کا آبائی تعلق روہڑی سے تھا۔ اہلکار سسرال گئے ہوئے تھے اور واپسی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
کراچی: گھریلو فائرنگ کا معاملہ شوہر جاں بحق، بیوی زخمی
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق اہلکار کی لاش فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کی گئی، جہاں موت کی تصدیق کے بعد لاش کو سردخانے منتقل کر دیا گیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ سسرال سے واپس آ رہے تھے جب عمارت کے اطراف میں جمع بارش کے پانی میں موجود کرنٹ نے انہیں موقع پر ہی زندگی سے محروم کر دیا۔
علاقے کے مقامی افراد اور اہلِ خانہ نے حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ بارش کے پانی کے ذخائر اور کرنٹ کے خطرات کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات روکے جا سکیں۔
یہ واقعہ شہری علاقوں میں بارش کے بعد پانی کے جمع ہونے اور اس میں بجلی کے کرنٹ کے خطرات کی سنگینی کی ایک اور مثال ہے، جس پر حکومت اور متعلقہ محکموں کی فوری توجہ درکار ہے۔