انقرہ میں 8ویں سالانہ ’ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ‘ کی تقریب، طلباء میں اعزازات اور انعامات تقسیم

ترکیہ میں پاکستانی پرچم بلند! جناح ینگ رائٹرز ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب، ترک طالبات نے مضمون نویسی میں میدان مار لیا

یوتھ ویژن نیوز : انقرہ (پریس ریلیز): ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں آٹھویں سالانہ ‘جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ’ کے مضمون نویسی کے مقابلے کی تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب میں ترکیہ کی نائب وزیر برائے قومی تعلیم، محترمہ جلیلہ ایرن اوکتن اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب یہ ایوارڈ پاکستان کے سفارت خانے کی عوامی سفارت کاری کا ایک اہم حصہ ہے، جو ہر سال ترکیہ کے سینئر ہائی اسکول کے طلباء کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سال مقابلے کا عنوان "خاندان بطورِ طاقت: پاکستانی اور ترک معاشروں میں اس کے کردار کا جائزہ” تھا۔

جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ کی تقریب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک نائب وزیرِ تعلیم محترمہ جلیلہ ایرن اوکتن نے کہا کہ ترکیہ میں سال 2025 کو "خاندان کا سال” قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خاندان کا ادارہ پاکستان اور ترکیہ دونوں کے سماجی استحکام کا بنیادی ستون ہے، اور یہ مقابلہ صدر رجب طیب ایردوان کے خاندان کی مضبوطی کے وژن کے عین مطابق ہے۔ پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایوارڈ نوجوان نسل کو پاک ترک تعلقات کی گہرائی سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور سفارت خانہ مستقبل میں اس کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گا۔

انقرہ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ کی تقریب پہلی پوزیشن

مقابلے میں انقرہ کی یگمر زلفیکار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ٹوکاٹ سے تعلق رکھنے والی ایبرار کیسیکی دوسری اور زونگولڈاک کی خیر النساء کیسکن تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔ اس کے علاوہ قونیہ کے مصطفیٰ یلکن کایا، سیواس کی زینب عکرین اور بالیکیسر کے علی یوسف صباح کو ان کی بہترین کارکردگی پر اعزازی اسناد (Honourable Mentions) سے نوازا گیا۔ تمام پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو نقد انعامات اور شیلڈز دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں