گوگل کا تہلکہ خیز اعلان: اے آئی گلاسز متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل!
یوتھ ویژن نیوز : (عفان گوہر نمائدہ خصؤصی برائے ٹیک انفارمیشن سے) گوگل نے بڑے اعلان کے ساتھ اے آئی گلاسز کی تیاری مکمل کر لی، جیمینائی اسسٹنٹ اب اسکرین کے بغیر بھی صارف کی آنکھوں کے سامنے ظاہر ہوگا۔
ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑا دھماکہ کرتے ہوئے گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے نئے اے آئی گلاسز متعارف کرانے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جو کمپنی کے مطابق صارفین کے سامنے اسکرین کے بغیر بھی ڈیجیٹل دنیا کو حقیقی وقت میں ظاہر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ گلاسز دو مختلف ماڈلز میں تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں پہلا اسکرین فری اے آئی گلاس ہے جو بلٹ اِن مائیکروفون، کیمرہ اور اسپیکر کے ذریعے صارف کو جیمینائی اسسٹنٹ کے ساتھ قدرتی انداز میں بات چیت اور فوری مدد لینے کی سہولت دے گا، جبکہ دوسری قسم میں ان-لینس ڈسپلے شامل ہوگا جو راستوں کی رہنمائی، لائیو ترجمہ اور ضروری معلومات نجی طور پر دکھائے گا۔
گوگل کے نمائندے شہرام ازادی کے مطابق یہ گلاسز روزمرہ زندگی میں عام چشموں یا سن گلاسز کی طرح پورا دن پہنے جا سکتے ہیں اور ان کی تیاری معروف برانڈز جینٹل مونسٹر اور واربی پارکر کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے۔ ٹیک ماہرین کے مطابق اگر یہ ڈیوائس متوقع وقت پر آئندہ برس کے اوائل میں لانچ ہو جاتی ہے تو یہ دنیا میں اسمارٹ وئیر ایبل ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔