مذہب کے نام پر تشدد برداشت نہیں، دہشتگرد جہاں بھی ہوں کارروائی ہوگی: فیلڈ مارشل عاصم منیر
یوتھ ویژن نیوز : (محمد علی مغل سے) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور کسی دوسرے ملک میں ہونے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد ناقابلِ برداشت ہوگا۔ انہوں نے اہلِ تشیع مکتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کے دوران اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے پر زور دیا۔
علمائے کرام کا کردار اور قومی یکجہتی
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی میں علمائے کرام کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ علما کو چاہیے کہ وہ مس انفارمیشن، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کریں اور ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگرد جہاں بھی ہوں، ان کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور ڈھانچے کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشتگردی برداشت نہیں کرے گا۔
افغان طالبان سے واضح مطالبہ
انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے فعال سفارتکاری بھی جاری ہے۔
ملاقات میں شریک علمائے کرام نے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ مختلف علما نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی ریاست مخالف سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی۔
وزیراعظم کا ہنگامی اجلاس اور ایندھن بچت اپیل
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور کار پولنگ اپنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملکی ضروریات کے لیے پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے تاہم خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔
کفایت شعاری پالیسی اور حکومتی اقدامات
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام ادارے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کی پالیسی اپنانے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے اور اشرافیہ کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستان میں 5جی سروس کا باضابطہ آغاز
دریں اثنا پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے فائیو جی سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تین بڑی کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیے ہیں، جس سے ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سہولیات کا نیا دور شروع ہوگا۔
5جی ٹیکنالوجی اور پاک چین دوستی
فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ معیشت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں کے لیے سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5جی ٹیکنالوجی پاک چین دوستی کی ایک اہم جھلک ہے اور اس سے نوجوانوں کو جدید مواقع میسر آئیں گے۔
عالمی رہنماؤں سے سفارتی رابطے
وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید کی مبارکباد دی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل پر زور دیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔