وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین کا قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی کا دورہ
یوتھ ویژن نیوز : (سید نعمان شاہ سے) وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین کا قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی کا دورہ، پاکستانی شہریوں کی فلاح اور قونصلر خدمات کا جائزہ۔
دبئی: وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی کا دورہ کیا جہاں قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے قونصلیٹ کے افسران سے ملاقات کی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لیے پرعزم ہے اور بیرون ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے روانگی سے قبل تربیت اور سافٹ اسکلز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے لیے پاکستانی افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ وزارت اوورسیز پاکستانی ایسے مستند اور معتبر تربیتی اداروں کے قیام میں سہولت فراہم کر رہی ہے جو زیادہ روزگار کے مواقع رکھنے والے شعبوں میں اسکل ٹریننگ مہیا کریں، دورے کے دوران وفاقی وزیر نے قونصلیٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ، کمیونٹی ویلفیئر اور عوامی سہولت سے متعلق قونصلر خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔