ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی ڈی پی ایس دنیاپور آمد، بورڈ آف گورنرز کے اہم فیصلے

“ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف ڈی پی ایس دنیاپور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے”

یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے دنیاپور ڈویژنل پبلک سکول (ڈی پی ایس) کا دورہ کیا اور سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سکول کے انتظامی، مالی اور تدریسی امور سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن اور لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید، پروفیسر راشد انور، پروفیسر شبانہ نور، عباس گجر اور چوہدری محمد امجد شریک تھے۔ اجلاس کے دوران سکول کے سروس رولز، سولر سسٹم کی تنصیب، بینک معاملات، سٹاف کی تنخواہیں، وظائف، میرج گرانٹ، میڈیکل انشورنس اور دیگر ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول میں معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکول کے مستقل ملازمین کی ویریفکیشن بورڈ آف ٹرسٹیز سے کروائی جائے اور سکول کے تمام معاملات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ صدارت لودھراں میں فائر سیفٹی اقدامات پر اجلاس

انہوں نے کہا کہ تدریسی شعبے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کا باقاعدہ ڈیٹا بیس تیار کیا جائے اور مستقل اساتذہ کی تعیناتی کے لیے مکمل کیس ہسٹری متعلقہ فورم کو ارسال کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ میرٹ اور اہلیت پر مبنی تقرریاں ہی ادارے کی ساکھ کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔

اجلاس میں سکول کے مالی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکول کے مالی معاملات میں آسانی کے لیے فیسوں میں مناسب اضافہ ناگزیر ہے، جبکہ سکول سافٹ ویئر کی اپڈیٹ کے لیے جاری ورکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے سکول آمدن میں اضافے کے لیے ہدایت کی کہ شام کے اوقات میں بچوں کے لیے نصابی اور غیر نصابی کلاسز کا اہتمام کیا جائے، تاکہ طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور ادارے کے وسائل میں بھی بہتری آئے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں