چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی اقوامِ متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت ۔پاکستان کے عزمِ استحکام کا اعادہ
اسلام آباد (علی رضا ابراہیم سے) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں شرکت کی۔
یہ تقریب اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مسٹر محمد یحییٰ کی دعوت پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اقوامِ متحدہ کو 80 سالہ خدمات پر مبارکباد پیش کی اور عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ادارے کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی رکھتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں : چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات ، دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر اہم تبادلۂ خیال
انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کا ایک فعال اور ذمہ دار رکن ہونے کے ناتے بین الاقوامی امن مشنز میں اپنی قربانیوں اور خدمات کے ذریعے دنیا میں امن کے قیام کے لیے مصروفِ عمل ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اقوامِ متحدہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ادارے نے گزشتہ آٹھ دہائیوں میں تنازعات کے حل، غربت کے خاتمے اور انسانی فلاح کے لیے نمایاں کام کیا ہے۔
تقریب کے دوران یوسف رضا گیلانی نے مختلف دوست ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں اور اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقات کی اور پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے درمیان جاری اشتراکِ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیر الجہتی تعاون، اجتماعی ترقی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم کو اہم سمجھتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی تقریب میں شرکت پاکستان کے اقوامِ متحدہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات، عالمی برادری میں فعال کردار اور بین الاقوامی سفارت کاری میں مثبت شمولیت کا مظہر ہے۔