چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر کمبوڈیا پہنچ گئے
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عاقب قریشی سے) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر آج کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ پہنچ گئے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پنوم پنہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیئرمین سینیٹ کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کمبوڈیا کے سینیٹ اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا جن میں سینیٹ کے دوسرے نائب صدر ڈاکٹر تھن واتھانا، کمبوڈیا–پاکستان سینیٹ فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین اور سینیٹ کی پہلی کمیٹی کے سربراہ نگی چانفال، پانچویں کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر چھِو یسیانگ، ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول و بین الاقوامی تعلقات نگوؤن سوکینگ اور پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھیہم شامل تھے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پارلیمانی سفارت کاری پر زور
سفارتی روایات کے مطابق پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھیہم اور کمبوڈیا کے ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول نگوؤن سوکینگ نے طیارے میں سوار ہو کر چیئرمین سینیٹ اور ان کے وفد کا خصوصی طور پر استقبال کیا۔
چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی و مشاورتی وفد بھی موجود ہے جس میں سینیٹر زرقا سہروردی، سینیٹر عابد شیر علی، سینیٹر ضمیر حسین گھمرو اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر مس مِسباح کھر شامل ہیں۔
ایئرپورٹ پر استقبال کے بعد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، کمبوڈیائی سینیٹر نگی چانفال کے ہمراہ ہوٹل روانہ ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ کو دیا گیا پرتپاک استقبال پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت کا مظہر ہے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔