انسداد دہشتگردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور عالیہ حمزہ کی ضمانتیں خارج کر دیں

انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز کی تفصیلات کے حوالے سے تصویری منظر

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) انسداد دہشتگردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور عالیہ حمزہ کی ضمانتیں خارج کر دیں اور حاضری معافی درخواستیں بھی مسترد کیں۔

اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور عالیہ حمزہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج، سنگجانی جلسے اور دیگر 8 مقدمات میں شامل تمام درخواستیں مسترد کیں، جن میں عمر ایوب سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف متعدد کیسز شامل تھے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے زرتاج گل کی سات مقدمات میں، جبکہ شبلی فراز اور عالیہ حمزہ کی پانچ سے زائد مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کیں۔ اس کے علاوہ عدالت نے تمام ملزمان کی حاضری معافی کی درخواستیں بھی مسترد کر دی ہیں، جبکہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ملک کے مختلف تھانوں میں پانچ سے زائد مقدمات درج ہیں، جن میں سیاسی سرگرمیوں اور جلسوں کے دوران مبینہ قانون کی خلاف ورزیوں کے الزامات شامل ہیں۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی مزید سخت ہو سکتی ہے، اور ان کے لیے عدالتی حاضری لازم ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں