ملک کے پہلے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ’راست‘ کا اجراء
ملک کے پہلے ڈیجیٹیل پیمنٹ سسٹم راست کا اجراء کردیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین فرد تا فرد رقوم کی مفت ادائیگی کرسکیں گے۔
اسلام آباد: (عاقب ابرہیم غوری سے ) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عام آدمی بینک جاتے ہوئے ڈرتا ہے، ہم ٹیکنالوجی سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو یہ آبادی بوجھ بن جائے گی، 22 کروڑ لوگ ہونے سے مارکيٹ بھی بڑی ہوتی ہے جو کہ ملک کی بہت بڑی طاقت ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے 22کروڑ لوگوں ميں صرف 20لاکھ لوگ ٹيکس ديتے ہيں، ہم اب ايف بی آر ميں بھی ٹيکنالوجی کا استعمال کريں گے۔ ہمارے ہاں لوگ بہت کم بينک استعمال کرتے ہيں، ہمارا دنيا ميں سب سے کم سيونگ ريٹ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ آئی ہے کہ پاکستان ميں تھوڑی بہت غربت کم ہوئی ہے، ابھی دنيا کے امير ترين ممالک ميں بھی غربت بڑھی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2013 میں سب سے بڑی تباہی وار اينڈ ٹيرر کی خيبر پختونخوا ميں تھی، ہم نے کے پی کے میں لوگوں کو غربت سے نکالا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راست ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم میں انقلاب برپا کرے گا، راست کے چار خصوصی جزو ہیں، راست بالکل مفت اور تیز ترین سسٹم ہے جس میں کوئی پوشیدہ چارجز نہیں ہیں، اسکے علاوہ راست سے رقوم کی ادائیگی آسان ہے۔
رضا باقر کا کہنا تھا کہ بہت سی فاونڈیشن اور اسٹیٹ بینک نے اس سسٹم میں اہم کردار ادا کیا ہے، اُن کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کیے ذريعے ريموٹ بائيو ميٹرک متعارف کروا رہےہيں اور بینک اب عام شہریوں کو بھی قرض فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم کے وژن کے تحت اسٹيٹ بينک نے بينکاری کو وسيع کيا۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ راست سے لوگ پیسے بینکوں میں لے کر آئیں گے جس سے ہمارا سیونگ ریٹ بھی بڑھے گا اور ٹیکنالوجی میں بھی بہت ترقی ہوگی۔ مزید براہ راست سے ای کامرس ٹرانزیکشن بھی بڑھیں گی اور ڈیجیٹل بینکنگ میں انقلاب آئے گا۔
وزیر خزانہ نے مرکزی بینک کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ راست پر اسٹیٹ بینک نے بہت محنت کی ہے جس کے تحت پرسن ٹو پرسن سیکنڈز میں ٹرانزیکشن ہوسکتی ہے۔