شائیقن کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری، پی ایس ایل 12 کے نئے سیزن کی تاریخ سامنے آگئی
یوتھ ویژن نیوز : (عاقب ابراہیم سے)- پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ایونٹ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جبکہ مسلسل دوسری مرتبہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی ونڈو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد طے کی گئی۔ اس سلسلے میں PSL گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی۔
نئے سیزن کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کی نظریں اب ٹیموں کی تیاریوں، کھلاڑیوں کے انتخاب اور دیگر اہم مراحل پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ PCB کے مطابق ڈائریکٹ سائننگز، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن سے متعلق اعلانات آئندہ مراحل میں کیے جائیں گے، جبکہ مکمل شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پی ایس ایل 11 میں کیا ہوا تھا؟
ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 گزشتہ سیزن کی کامیابی کے تسلسل کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ 8 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا۔ PCB کے مطابق PSL 11 کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 32,461 تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد موجود تھی۔
پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی نے اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے 3 مئی 2026 کو کھیلے گئے فائنل میں پہلی بار لیگ میں آنے والی حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیتی اور تقریباً 9 سال بعد دوبارہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
محسن نقوی کا پی ایس ایل 12 پر بڑا بیان
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11نے لیگ کی صلاحیت کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ سیزن میں سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ شائقین اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ دیکھنے کو ملے، جبکہ پی سی بی آئندہ سیزن کو مزید شاندار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
سلمان نصیر نے بھی شائقین کو خوشخبری سنادی
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں شائقین پہلے ہی پی ایس ایل12 کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2027 کے سیزن میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی اور 8 ٹیمیں ایک بار پھر ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔
پی ایس ایل 12 میں اب آگے کیا ہوگا؟
PCB کے مطابقایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان صرف پہلا مرحلہ ہے۔ اب ڈائریکٹ سائننگز، کھلاڑیوں کی ریٹینشن، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن جیسے اہم مراحل مکمل کیے جائیں گے۔ ان مراحل کے بعد ٹیموں کے اسکواڈز مزید واضح ہوں گے اور اس کے بعد ٹورنامنٹ کا مکمل میچ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق معلومات جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ PCB کے بورڈ آف گورنرز نے جون 2026 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 12کے بجٹ کی بھی منظوری دی تھی، جس سے اگلے ایڈیشن کی تیاریوں کا عمل پہلے ہی شروع ہونے کی تصدیق ہوگئی تھی۔
اس طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے باقاعدہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے اور کرکٹ شائقین کو اب 18 مارچ 2027 کا انتظار ہوگا، جب پاکستان کی مقبول ترین ٹی20 لیگ کے نئے سیزن کا آغاز ہوگا۔