شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا، لاکھوں افراد کی شرکت
تہران (یوتھ وژن نیوز) – ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اتوار کو تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ کمپلیکس میں ادا کر دی گئی۔ اس تاریخی موقع پر لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی، جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف اور دیگر اعلیٰ فوجی و سیاسی حکام شامل تھے。
نمازِ جنازہ کی امامت آیت اللہ جعفر سبحانی نے کی، جس میں شہید رہبر کے تین بیٹوں مصطفیٰ، میثم اور مسعود خامنہ ای نے شرکت کی۔ تاہم ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی وجوہات کی بنا پر منظرِ عام پر تشریف نہیں لائے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس عظیم الشان جنازے میں 100 ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔ ایران میں اتوار کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا جبکہ 8 جولائی کو یومِ سوگ منایا جائے گا۔
جنازے کے موقع پر تہران کی سڑکیں سیاہ پوش سوگواروں سے بھری ہوئی تھیں، جنہوں نے سرخ پرچم لہراتے ہوئے شہید رہبر کو الوداع کہا۔ عوام نے ’امریکا مردہ باد‘ اور ’انتقام، انتقام‘ کے نعرے لگائے۔
پیر کو صبح مرکزی جنازے کا جلوس نکالا جائے گا، جس کے بعد میت کو قم، پھر عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا۔ 9 جولائی کو شہید سپریم لیڈر کو ان کے آبائی شہر مشہد میں امام رضا کے حرم میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں 28 فروری کو آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے خاندان کے چار افراد شہید ہوئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت
دو روز قبل ایرانی صدر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف اور فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت کی۔ انہوں نے ایران کے عوام اور قیادت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہبر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔