پی ٹی آئی کے ایم این اے 26 نمبر چونگی سے گرفتار، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی موقع پر موجود
یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد ) – اسلام آباد پولیس نے 26 نمبر چونگی سے (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی انور تاج کو حراست میں لے لیا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی موقع پر موجود
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اب بھی 26 نمبر چونگی پر موجود ہیں، جبکہ پی ٹی آئی رہنما عاطف خان سینئر پولیس حکام سے بات چیت کر رہے ہیں۔ راستہ کھولنے کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت اور پولیس کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
26 نمبر چونگی کی بندش کے باعث ٹیکسلا جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز لگا کر سڑک بند کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہو گیا اور متعدد ایمبولینسز پھنس گئی ہیں۔
ایم این اے انور تاج کی گرفتاری
پولیس نے ایم این اے انور تاج کو حراست میں لے کر قیدی وین میں بٹھا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا قافلہ اب بھی چونگی پر موجود ہے، جبکہ پولیس نے غیر متعلقہ افراد کو ہٹا دیا ہے۔ انور تاج کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، تاہم پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا احتجاج
اس سے قبل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو 26 نمبر چونگی پر روک دیا گیا تھا۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں چونگی پر تعینات ہیں، اور دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔ ان کا قافلہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا پولیس حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں قید اپنے رہنما سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
شہریوں کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش
ادھر شہریوں نے 26 نمبر چونگی کے قریب اپنی مدد آپ کے تحت رکاوٹیں ہٹا کر راستہ کھول دیا ہے۔ دوسری طرف ایئرپورٹ سے آنے والی سڑک پر کھڑی عارضی رکاوٹ کو بھی شہریوں نے ہٹا دیا ہے، تاہم ایئرپورٹ کی طرف جانے والے راستے پر اب بھی ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔