‘معرکۂ حق’ کی پہلی سالگرہ: دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا مسلح افواج
راولپنڈی (یوتھ ویژن نیوز) – ‘معرکۂ حق’ کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج نے وطنِ عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمن کے ناپاک عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ قوت، ہمت اور درستگی کے ساتھ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، معرکۂ حق میں دشمن پاکستان کی دفاعی تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کر چکا ہے، تاہم مستقبل میں کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے بھی کہیں زیادہ عبرتناک ہوگا۔
پاک فضائیہ کی تاریخی کامیابی اور جدیدیت
اعلامیے میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ برتری اور تاریخی کامیابی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس معرکے نے نہ صرف قومی اعتماد کو جلا بخشی بلکہ پاک فضائیہ کے ادارے کو جدید جنگی تقاضوں کے مطابق مزید مستحکم بھی کیا۔
آج پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور ‘Niche’ و ‘Disruptive’ صلاحیتوں سے لیس ہو کر ایک ایسی ‘ملٹی ڈومین’ فورس بن چکی ہے جو مستقبل کے کسی بھی فضائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
امن پسندی اور دفاعی خودمختاری
پاک افواج نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور مسلح افواج کی تمام تر دفاعی کوششوں کا مرکز خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے۔ تاہم، یہ امن وقار اور خود مختار برابری کے اصولوں پر مبنی ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق، پاک افواج بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے پوری طرح باخبر ہیں اور جدید صلاحیتوں میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا رہی ہیں۔
عزمِ نو اور قوم کا فخر
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فضائیہ کی جرات اور بروقت کارروائی قومی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے جس نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی کے باعث دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ان شاء اللہ، پاک فضائیہ ہمیشہ "Second to None” رہتے ہوئے قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔
مسلح افواج کا دوٹوک پیغام
مسلح افواج نے واضح کر دیا کہ پاکستان کی سرزمین کی حفاظت کوئی معمولی معاملہ نہیں۔ قوم کو یقین دلایا گیا کہ دشمن کی کوئی بھی حرکت بے جواب نہیں رہے گی اور اسے ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ دوبارہ کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو سکے۔
یہ پیغام پاکستان کے دفاعی عزم اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔
پاکستان زندہ باد!