وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر اعلیٰ سطح اجلاس کا منظر، حکام بریفنگ دے رہے ہیں۔

یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد ) اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کے فروغ سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے پر زور دیا۔

توانائی، معیشت اور ماحولیاتی تحفظ پر فوکس

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے عملی اقدامات میں تیزی لائی جائے کیونکہ یہ پالیسی نہ صرف ایندھن کے درآمدی بوجھ کو کم کرے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور توانائی کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

ای وی پالیسی اور سبسڈی میں شفافیت

اجلاس میں قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لیے الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر سبسڈی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ اس سکیم کے نفاذ کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ سازی کے لیے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لیے 123 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت آئندہ پانچ سال میں ملک کی 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک فیول کی بچت متوقع ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ پائیدار ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں