نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وانگ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو،ایران امریکہ مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار اور آسٹریلوی وزیر خارجہ کی گفتگو، ایران امریکہ مذاکرات اور سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال

یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وانگ کے درمیان اہم ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں ایران امریکہ مذاکرات، خطے کی سفارتی صورتحال اور عالمی معیشت پر اثرات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس رابطے کو پاکستان کی فعال سفارتی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے کردار کی آسٹریلیا کی جانب سے تعریف

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ نے ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی سہولت کاری کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں بات چیت اور رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کے مسلسل سفارتی عزم کی تعریف کی۔

اسلام آباد مذاکرات اور پاکستان کی سفارتی کوششیں

اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران 11 اور 12 اپریل کو ہونے والے اسلام آباد مذاکرات سے متعلق آسٹریلوی ہم منصب کو آگاہ کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں مذاکرات، مثبت روابط اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔

عالمی معیشت اور ترقی پذیر ممالک پر تشویش

دونوں رہنماؤں نے عالمی معیشت کی صورتحال، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک پر اس کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کیلئے سفارت کاری اور مکالمہ ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں