وزیر اعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر سے ٹیلیونک رابطہ، خطے میں امن کیلئے سفارت کاری جاری رکھنے پر اتفاق
یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد ) وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدرانتونیو کوسٹا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مشرق وسطیٰ سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ دیرپا علاقائی اور عالمی امن کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے۔
خطے کی صورتحال اور پاکستان کا سفارتی کردار
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل صدر کو پاکستان کی خطے میں امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے کیلئے فعال کردار ادا کر رہا ہے، اس موقع پر پاکستان کے سفارتی اقدامات کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
یورپی یونین کی حمایت اور مثبت ردعمل
یورپی کونسل کے صدر نے خطے میں استحکام اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اس عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گی تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے اور تنازعات کو سفارتی طریقے سے حل کیا جا سکے۔
مستقل رابطے اور مستقبل کی حکمت عملی
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے، جبکہ عالمی اور علاقائی سطح پر سفارت کاری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مسلسل مشاورت ضروری ہے، ماہرین کے مطابق یہ رابطہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔