ایران کیساتھ معاہدے پر آج رات دستخط ہوجائیں گے؛ ٹرمپ کا دعویٰ
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ آج رات طے پا سکتا ہے، یہ دعویٰ Maria Bartiromo نے اپنے پروگرام میں کیا جہاں انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ذاتی طور پر انہیں اس پیش رفت سے آگاہ کیا، تاہم اس حوالے سے اب تک باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
میڈیا رپورٹس اور غیر تصدیق شدہ اطلاعات
رپورٹس کے مطابق Fox Business پر نشر ہونے والے پروگرام میں میزبان ماریہ بارتیرومو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران امریکہ معاہدہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، تاہم White House یا خود صدر کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، جس سے صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔
امریکی وفد کی پاکستان آمد اور مذاکرات کی پیش رفت
ادھر صدر ٹرمپ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ امریکی وفد جلد پاکستان پہنچ رہا ہے تاکہ ایران امریکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے، ذرائع کے مطابق وفد میں اہم امریکی حکام شامل ہیں اور اسلام آباد ایک بار پھر سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے، جس سے پاکستان کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔
ایران کا مؤقف اور مذاکرات سے انکار
دوسری جانب ایرانی قیادت نے اپنے جہاز پر امریکی حملے کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق حکومت اپنے فیصلے پر قائم ہے اور فی الحال پاکستان میں مذاکرات کیلئے آنے کا ارادہ نہیں رکھتی، جس سے ایران امریکہ کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان کی سفارتی کوششیں اور مذاکرات کا مستقبل
اس صورتحال میں پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقیچی سے رابطہ کیا، تاہم تاحال کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی، ماہرین کے مطابق اگر مذاکرات جلد بحال نہ ہوئے تو دو ہفتوں کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی کر چکا ہے۔