آبنائے ہرمز میں فائرنگ، بھارتی آئل ٹینکر نشانہ کشیدگی کے بعد گزرگاہ عارضی بند

آبنائے ہرمز کشیدگی میں اضافہ، فائرنگ کا واقعہ

یوتھ ویژن نیوز : (تحران ٹائیمز ) آبنائے ہرمز میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے جہاں ایران کی جانب سے مبینہ فائرنگ کے واقعے نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے، بین الاقوامی میری ٹائم سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی گن بوٹس نے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، جس سے آبنائے ہرمز کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب محض 24 گھنٹے قبل آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھا۔

پاسدارانِ انقلاب کی کارروائی اور بھارتی آئل ٹینکر

رپورٹس کے مطابق Islamic Revolutionary Guard Corps کی دو گن بوٹس نے آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کی، جبکہ شپنگ مانیٹرنگ ادارے کے مطابق نشانہ بننے والے جہازوں میں ایک بھارتی پرچم بردار سپر ٹینکر بھی شامل تھا، جسے فائرنگ کے بعد راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، اس پیش رفت نے بھارت سمیت عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشن کے مطابق یہ واقعہ عمان کے شمال مشرق میں آبنائے ہرمز سے تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا، تاہم آئل ٹینکر اور اس کا عملہ محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، اس کے باوجود اس واقعے نے عالمی شپنگ انڈسٹری میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

آبنائے ہرمز عارضی بند، جہازوں کو وارننگ

واقعے کے بعد آبنائے ہرمز میں موجود متعدد جہازوں کو ریڈیو پیغامات موصول ہوئے جن میں بتایا گیا کہ آبی گزرگاہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس اعلان کے بعد عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل بردار راستوں میں شمار ہوتی ہے۔

عالمی تجارت اور تیل کی منڈی پر اثرات

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کشیدگی اور اس طرح کے سکیورٹی واقعات عالمی تیل کی قیمتوں پر فوری اثر ڈال سکتے ہیں، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اسی راستے سے گزرتا ہے، اگر صورتحال برقرار رہتی ہے تو عالمی منڈیوں میں بے یقینی اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں اس صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں