ایرانی اسپیکر کی ریاستِ پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف، لبنان جنگ بندی میں کردار کا اعتراف

ایرانی اسپیکراور فیلڈ مارشل کی نماٰیاں تصویر

یوتھ ویژن نیوز : (تحران) لبنان میں جنگ بندی کے بعد ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے عمل میں پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ ریاست پاکستان اور فوجی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

ایران کی جانب سے پاکستان کے کردار کا اعتراف

ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی گروہوں کی جدوجہد اس عمل کا حصہ رہی ہے، اور ایران اس پیش رفت کو احتیاط کے ساتھ دیکھ رہا ہے۔

تہران میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں

اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقات کی تھی، جس میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بعد ازاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان کا ثالثی کردار

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے دونوں ممالک کا عزم مضبوط ہے اور یہ تعلقات گہرے تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔

خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران، امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس دورے کو خطے میں سفارتی روابط کے ایک اہم مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں