پاکستان سعودی عرب تعاون مزید مضبوط ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات کی نمایاں تصؤیر۔

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مسلسل اقتصادی اور مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اور یہ دائمی رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات کا مناظر
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر خزانہ تبصرہ کرتے ہوئے

وزیراعظم ہاؤس میں سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

سعودی مالی معاونت کو معاشی استحکام کے لیے اہم قرار

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سعودی عرب کی مسلسل اقتصادی اور مالی معاونت نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے ان کی گہری محبت دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔

تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر زور

وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی سمیت ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔

سعودی عرب کا تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ دیرینہ، گہرے اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں