دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر، سیاحت معیشت کی نئی طاقت بن سکتی ہے: چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کے نیشنل ٹورازم ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے۔

یوتھ ویژن نیوز : (ڈاکٹر ثاقب ابراہیم سے ) پاکستان ٹریول مارٹ 2026 میں چیئرمین سینیٹ کا جامع خطاب۔

چیئرمین سینیٹ کا جامع خطاب

اسلام آباد میں پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کے موقع پر منعقدہ نیشنل ٹورازم ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کامیاب اور متحرک سفارت کاری کے باعث آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور ملک نے عالمی برادری میں اپنا مقام مزید مستحکم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں امن، کشیدگی کے خاتمے اور مثبت عالمی کردار کے ذریعے اپنی سفارتی اہمیت کو نمایاں کیا ہے۔

سیاحت معاشی ترقی اور قومی ہم آہنگی کا اہم ستون

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیاحت پاکستان کی معاشی ترقی، عالمی تشخص اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی سیاحتی اداروں، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے نمائندگان کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کے قومی رابطہ کار برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان کی خدمات کو سراہا۔

چیئرمین سینیٹ کا اسٹال کا معائنہ کر رہے ہیں

پاکستان کے تاریخی ورثے اور قدرتی حسن کو اجاگر کیا

اپنے خطاب میں سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے وسیع سیاحتی امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موہنجو داڑو، مہرگڑھ، وادی سندھ اور گندھارا کے آثار قدیمہ ملک کے عظیم تاریخی ورثے کی علامت ہیں، جبکہ بلند پہاڑ، سرسبز وادیاں اور دلکش مناظر دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ملتان کو “مدینۃ الاولیاء” قرار دیتے ہوئے صوفی روایت، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو پاکستان کی بڑی طاقت قرار دیا۔

سرمایہ کاری، روزگار اور سافٹ پاور پر زور

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیاحت زرمبادلہ، روزگار کے مواقع اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹریول مارٹ 2026 میں متعدد سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبے پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان آنے والا ہر سیاح دراصل ملک کا سفیر بن جاتا ہے جو عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرتا ہے۔

عالمی شرکت میں اضافہ پاکستان پر اعتماد کا مظہر

انہوں نے آذربائیجان، ملائیشیا، تھائی لینڈ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی شرکت میں اضافہ پاکستان کے سیاحتی امکانات پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی علامت ہے۔

عملی اقدامات اور قانون سازی کی مکمل حمایت کا اعادہ

خطاب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ صرف مکالموں تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات، پالیسی تسلسل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے استحکام اور پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لیے ہر ممکن قانون سازی اور پالیسی سپورٹ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ شلیڈ پیش کرتے ہویے

اپنا تبصرہ بھیجیں