اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور
یوتھ ویژن نیوز : (ڈاکٹر ثاقب ابراہیم سے) اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیوں کے تسلسل میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلیفون پر اہم گفتگو کی، جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال اور کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں ابھرتی ہوئی پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں بات چیت، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری ہی امن و استحکام کا مؤثر راستہ ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، تنازعات کے سفارتی حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ کینیڈین وزیر خارجہ نے بھی علاقائی استحکام کے لیے قریبی رابطے اور سفارتی مشاورت کی اہمیت سے اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطحی تبادلوں کو فروغ دینے اور باہمی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی عالمی سفارتی حلقوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور متعدد ممالک خطے میں امن کے لیے رابطوں میں مصروف ہیں۔