کراچی میں پولیس مقابلے، 8 ملزمان گرفتار، 7 زخمی
یوتھ ویژن نیوز : (کرائم رپورٹر سُمیر علی خان سے)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 7 زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، حکام کے مطابق یہ کارروائیاں شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں جہاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
لیاقت آباد میں مبینہ مقابلہ، دو ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں سندھی ہوٹل کے قریب ہونے والے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب بوٹ بیسن کے علاقے میں اتوار بازار کے قریب پولیس اور موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق پولیس نے ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق اس مقابلے کے نتیجے میں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جن کی شناخت نائک محمد، قاسم، زوار حسین اور سعید احمد کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں اور چار عدد 30 بور پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پیر آباد میں پولیس ایکشن، دو ڈاکو گرفتار
ادھر پیر آباد کے علاقے بنارس پل کے قریب بھی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران کارروائی کرتے ہوئے زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت سیف اللہ جبکہ اس کے ساتھی کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
کراچی میں جرائم کے خلاف پولیس آپریشن جاری
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، جبکہ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے۔
شہر میں بڑھتے جرائم کے پیش نظر پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔