شہباز شریف اور اردوان کا عید پر رابطہ، امن و اتحاد کیلئے مشترکہ عزم

شہباز شریف اور اردوان کی فائل فوٹو

یوتھ ویژن نیوز : (سرکاری ذارئع) وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

عید کی مبارکباد اور گرمجوش سفارتی گفتگو

سرکاری اعلامیے کے مطابق گفتگو نہایت خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان، ان کے اہلِ خانہ اور ترک عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جس کا ترک صدر نے بھی پرتپاک جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کیلئے امن، اتحاد اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں بھی کیں، جو اس رابطے کا اہم پہلو رہا۔

خطے کی صورتحال اور ترکیہ سے اظہارِ یکجہتی

گفتگو کے دوران شہباز شریف نے خطے میں بڑھتی کشیدگی اور خصوصاً ترکیہ پر ہونے والے میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

افغانستان اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال

ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی، جہاں شہباز شریف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ کیلئے ترکیہ کے مثبت کردار کو سراہا، خصوصاً عید کے موقع پر اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے تناظر میں۔ ماہرین کے مطابق یہ بات چیت خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت دینے کی علامت ہے۔

دوطرفہ تعلقات اور مستقبل کا لائحہ عمل

دونوں رہنماؤں نے فروری 2025 میں صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان اور اس کے بعد وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس کے ساتھ ہی قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں