پاکستان میں تیز انٹرنیٹ 5جی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا
یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی برائے ٹیک انفارمیشن عفان گوہر سے) پاکستان میں تیز رفتار5 جی انٹرنیٹ کے آغاز کی تیاریاں مکمل، پی ٹی اے اسپیکٹرم نیلامی کے بعد بڑے شہروں میں سروس شروع ہوگی۔
پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان ٹیلی کمینیونیکیشین اتھارٹی5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے جا رہی ہے جس کے بعد ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں فور جی سروسز کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے تقریباً چھ سو میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام کیا جائے گا جبکہ آکشن کا عمل براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے جدید سافٹ ویئر بھی استعمال کیا جائے گا اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی موجودگی میں سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔
پاکستان میں نئی انٹرنیٹ کیبل کا آغاز
پی ٹی اے کے مطابق رائٹ آف وے کی فیس کو تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے سے کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے جس سے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی ترقی میں مدد ملے گی۔ اس وقت ملک میں دو سو چوہتر میگا ہرٹز اسپیکٹرم دستیاب ہے جبکہ نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے لیے کم از کم ایک سو میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کوالٹی آف سروس بہتر بنانے کے لیے لائسنس ٹیمپلیٹ اور آپریشنل شرائط میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے تحت پریمیم سروسز کے لیے اپ لنک اسپیڈ کو ڈاؤن لنک اسپیڈ کے پچیس فیصد سے کم کر کے بیس فیصد کر دیا گیا ہے۔
5 جی سروس کے لیے کم از کم ڈاؤن لنک اسپیڈ پچاس میگا بٹس فی سیکنڈ مقرر کی گئی ہے جبکہ فور جی صارفین کے لیے رفتار کو چار میگا بٹس فی سیکنڈ سے بڑھا کر بیس میگا بٹس فی سیکنڈ تک کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
نیلامی میں کامیاب ہونے والی کمپنیوں کو ہر سال کم از کم ایک ہزار نئی سائٹس نصب کرنے کی پابندی ہوگی جن میں سے بیس فیصد سائٹس بالکل نئے مقامات پر لگانا ضروری ہوگا۔ حکومت کی جانب سے سات سو، اٹھارہ سو، اکیس سو، تئیس سو، چھبیس سو اور پینتیس سو میگا ہرٹز بینڈز میں مجموعی طور پر تقریباً پانچ سو ستانوے میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے جبکہ ابتدائی مرحلے میں فائیو جی سروسز وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں شروع کی جائیں گی۔