وزیراعظم شہباز شریف کل کفایت شعاری اور بچت پلان کا اعلان کریں گے

وزیراعظم کا کفایت شعاری پلان کل اعلان ہوگا

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف عالمی کشیدگی کے پیش نظر کفایت شعاری اور بچت سے متعلق حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان پیر کو کریں گے۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان پیر کو کریں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں عالمی سطح پر حالیہ کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ علاقائی صورتحال توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے۔

معیشت کے استحکام کیلئے اقدامات

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی صورتحال کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں اور حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو مضبوط رکھنے اور عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔

سادگی اور بچت کی ہدایت

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ، منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف دینے اور وسائل کے مؤثر استعمال کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام وزرا اور سرکاری ملازمین کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی جبکہ قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

صنعت اور زراعت کو استثنا

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت سے متعلق ہدایات صنعتی اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔

ایندھن کے ذخائر موجود

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور دیگر وفاقی وزرا و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں