سلمیٰ بٹ کا دورہ لودھراں،رمضان سہولت بازار اور دسترخوانوں کا معائنہ

لودھراں میں رمضان سہولت بازار کے دورے کے دوران معاون خصوصی سلمیٰ بٹ سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے۔

یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے لودھراں میں رمضان سہولت بازار، کنٹرول روم اور دسترخوانوں کا دورہ کر کے عوامی ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔

لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے لودھراں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے رمضان ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا اور ماڈل سہولت بازار کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سہولت بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا اوپن مارکیٹ سے موازنہ کیا اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے انہیں ضلع میں رمضان کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ انہوں نے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور رمضان سہولت بازاروں میں مقرر کردہ نرخوں اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں کے درمیان فرق کا جائزہ لیا۔

لودھراں بوائز سکاؤٹس تقریبِ حلف برداری: ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے صدر کا حلف لیا

اس موقع پر سلمیٰ بٹ نے امن کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں، رمضان دسترخوانوں اور نگہبان کارڈز کے ذریعے کم آمدن والے طبقات کو حقیقی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان سہولت بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، دالیں اور سبزیاں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں تاکہ عام شہریوں کو مہنگائی کے دباؤ سے بچایا جا سکے۔

معاون خصوصی نے نگہبان دسترخوان کا بھی دورہ کیا اور روزہ داروں کی مہمان نوازی میں حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں قائم 421 دسترخوانوں کے ذریعے روزانہ تقریباً سوا لاکھ افراد کو افطاری فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ضلع لودھراں میں 7 رمضان دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں روزانہ تقریباً ساڑھے پانچ ہزار افراد کو مفت افطار کی سہولت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینا اور رمضان کے بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا ہے۔

سلمیٰ بٹ نے مزید بتایا کہ مسیحی برادری کے ایک لاکھ 57 ہزار افراد کو اے ٹی ایم کارڈز جاری کیے گئے ہیں تاکہ انہیں بھی حکومتی سہولیات سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اعتدال برقرار رکھنے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے اور نگہبان رمضان پیکیج میں کٹوتیوں کے الزام پر 88 ایجنٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور عوامی اعتماد ہی حکومت کی اصل کامیابی ہے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پیرافورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب وزیراعلیٰ پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہیں اور عوامی خدمت کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے لودھراں میں گرین بس سروس کے اگلے ماہ آغاز کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

معاون خصوصی نے امن و امان کے قیام میں امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ لودھراں کو روشنیوں کا شہر بنانے میں ضلعی انتظامیہ کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارڈر پر متبادل تجارتی آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ علاقائی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

آخر میں سلمیٰ بٹ نے میڈیا کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ میڈیا عوام تک درست معلومات پہنچانے اور حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں