حج پر جانے والوں کے لیے بڑی خبر! سعودی ویزا بائیو میٹرک سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

حج ویزا کے لیے سعودی بائیو میٹرک لازمی، وزارت مذہبی امور کا اہم اعلان | YouthVision

یوتھ ویژن نیوز : (قاری عاشق حُسین سے) اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب کے حج ویزے سے متعلق بائیو میٹرک کے عمل پر اہم اعلان جاری کرتے ہوئے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت اپنی بائیو میٹرک مکمل کریں تاکہ ویزا کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج اب “Saudi Visa Bio” موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک مکمل کر سکتے ہیں، جس سے انہیں سعودی تاشیر مراکز کے غیر ضروری چکروں سے بچنے میں سہولت حاصل ہوگی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حج ویزا کے لیے سعودی بائیو میٹرک مکمل کرنا لازمی شرط ہے۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جن عازمین کی بائیو میٹرک موبائل ایپ کے ذریعے مکمل نہ ہو سکے، وہ 8 فروری سے قبل اپنے قریبی سعودی تاشیر سینٹر سے بائیو میٹرک ضرور کروا لیں۔ مقررہ تاریخ تک بائیو میٹرک نہ کروانے کی صورت میں حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سعودی تاشیر سینٹرز سے متعلق مکمل تفصیلات، پتے اور رہنمائی “پاک حج موبائل ایپ” پر دستیاب ہیں تاکہ عازمین کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔ وزارت مذہبی امور نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر بائیو میٹرک کا عمل مکمل کریں۔

حکومت کی جانب سے یہ اقدام حج انتظامات کو مزید شفاف، تیز اور سہل بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو ویزا کے مرحلے پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں