چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات، صوبے کی ترقی اور امن و امان پر تبادلہ خیال
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عاقب قریشی سے) چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، صوبے کی ترقی اور امن و امان پر تفصیلی تبادلہ خیال۔
اسلام آباد: چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایوانِ بالا (سینیٹ)، جس میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے، ملک کے تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان کے ہر صوبے سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرین اپنے علاقوں کی مؤثر آواز ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور بہتر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر
چیئرمین سینٹ نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کی بے مثال بہادری، قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبے میں پائیدار امن ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ضم شدہ اضلاع کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ صوبے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کے قیام، گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات سے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مرکز و صوبے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا، تاکہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی رفتار میں مزید اضافہ ممکن ہو۔
چیئرمین سینٹ نے زور دیا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے تمام علاقوں کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی سکیمیں، بنیادی ڈھانچے کے منصوبے اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات مستقبل قریب میں عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالیں گے اور صوبے میں معاشرتی و اقتصادی استحکام کو فروغ دیں گے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مرکز و صوبے کے درمیان تعاون اور رابطے کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل کا بروقت حل ممکن ہو اور خیبر پختونخوا میں پائیدار امن قائم رہے۔