اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا

اسٹیٹ بینک کا شرح سود آئندہ دو ماہ کے لیے 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

یوتھ ویژن نیوز : (عمر اسحاق چشتی سے) اسٹیٹ بینک نے شرح سود آئندہ دو ماہ کے لیے 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ دو ماہ کے لیے پالیسی ریٹ 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں مہنگائی، اقتصادی نمو، بیرونی کھاتے اور مالیاتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

زری پالیسی کمیٹی کے مطابق دسمبر 2025 میں عمومی مہنگائی سال بہ سال 5.6 فیصد رہی، جو اندازوں کے مطابق ہے، تاہم قوزی مہنگائی حالیہ مہینوں میں نسبتاً بلند سطح 7.4 فیصد پر برقرار رہی۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ حقیقی پالیسی ریٹ وسط مدت میں مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کے ہدف میں رکھنے کے لیے مناسب حد تک مثبت ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ بلند تعدد کے اقتصادی اشاریوں کے مطابق ملکی معاشی سرگرمیاں توقع سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس میں صنعت، زراعت اور خدمات کے شعبوں کا نمایاں کردار ہے۔ مالی سال 26 کی پہلی سہ ماہی میں حقیقی جی ڈی پی نمو 3.7 فیصد رہی، جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 1.6 فیصد تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق درآمدات میں اضافے اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ بڑھا، تاہم کارکنوں کی ترسیلات زر اور اجناس کی عالمی قیمتیں سازگار رہنے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رہا۔ دسمبر 2025 میں جاری کھاتے کا خسارہ 244 ملین ڈالر رہا، جبکہ پہلی ششماہی کا مجموعی خسارہ 1.2 ارب ڈالر تک پہنچا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 16 جنوری کو بڑھ کر 16.1 ارب ڈالر ہو گئے، جبکہ مالی سال 26 کے اختتام تک ان کے 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے قرضوں میں اضافہ دیکھا گیا، جسے مالی حالات میں نرمی کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

مالیاتی شعبے کے حوالے سے کمیٹی نے نشاندہی کی کہ ایف بی آر محاصل کی نمو ہدف سے کم رہی، جس کے باعث مالی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اقتصادی نمو کے لیے مربوط زری و مالیاتی پالیسیاں اور ساختی اصلاحات ناگزیر ہیں، خصوصاً ٹیکس نیٹ میں توسیع اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کے ذریعے۔

مہنگائی کے مستقبل کے منظرنامے پر تبصرہ کرتے ہوئے کمیٹی نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں مہنگائی عارضی طور پر ہدف کی بالائی حد سے تجاوز کر سکتی ہے، تاہم مالی سال 26 اور 27 کے دوران مہنگائی 5 تا 7 فیصد کے ہدف میں مستحکم رہنے کی توقع ہے، بشرطیکہ عالمی اجناس، توانائی قیمتوں اور جغرافیائی صورتحال میں بڑی تبدیلی نہ آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں