ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ صدارت لودھراں میں فائر سیفٹی اقدامات پر اجلاس
یوتھ ویژ ن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) لودھراں میں فائر سیفٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او علی بن طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن اور لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کی سرکاری و نجی عمارتوں، کاروباری پلازوں اور صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گنجان آباد علاقوں میں تجاوزات اور لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو مرحلہ وار ختم کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی عمارتوں کے مالکان کو فائر سیفٹی آلات کی تنصیب کے لیے باقاعدہ نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور بڑے و چھوٹے صنعتی یونٹس کے عملے کو فائیر فائٹنگ کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی لودھراں میں فیلڈ وزٹ، انفراسٹرکچر اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی آڈٹ اور حفاظتی آلات کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ شکیل احمد نے فائر سیفٹی سے متعلق موجودہ صورتحال اور مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فائر سیفٹی آلات کی جانچ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جبکہ تاجر تنظیموں کے تعاون سے بازاروں میں فرضی مشقیں بھی کرائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کے فوری اور محفوظ انخلاء کے لیے اضافی وسائل کو یقینی بنایا جائے گا اور بڑے کاروباری مراکز میں ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ریسکیو 1122 نجی اداروں کو فائر سیفٹی میئرز سرٹیفکیٹس جاری کرے گا تاکہ حفاظتی معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او علی بن طارق نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات انسانی جانوں اور املاک کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیفٹی میئرز پر عمل درآمد میں ہی ہماری حفاظت پوشیدہ ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریسکیو افسران پولیس جوانوں کو بھی فائیر فائٹنگ کی تربیت فراہم کریں گے اور ایل پی جی سلنڈروں کی غیر قانونی ری فلنگ کو سختی سے روکا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور باہمی رابطے کو مؤثر بنایا جائے۔