چترال میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ، وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس
یوتھ ویژن نیوز ز: ( عمران قذافی سے) چترال میں برفانی تودہ گرنے کے واقعے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس، ریسکیو اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت۔
اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع چترال میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو اور ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے تحت امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ارفع کریم فاؤنڈیشن کی قیادت سے ملاقات
انہوں نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں حالیہ برف باری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قدرتی آفات سے متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔