سینیٹر عون عباس بپی کی سابق ترجمان وزیراعلیٰ افتخار چیمہ کی رہائش گاہ آمد، والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

سینیٹر عون عباس بپی سابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب افتخار چیمہ سے ان کی رہائش گاہ پر والدہ کے انتقال پر تعزیت کر رہے ہیں

یوتھ ویژن نیوز : (مبشر بلوچ سے) سینیٹر عون عباس بپی نے سابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب افتخار چیمہ کی رہائش گاہ جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور دعا کی۔

بہاولپور میں پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی نے جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب ملک محمد اصغر جوئیہ کے ہمراہ سابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب افتخار چیمہ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افتخار چیمہ کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا مغفرت کی۔

اس موقع پر سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ ماں جیسی عظیم نعمت کا دنیا سے رخصت ہو جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان افتخار چیمہ اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔ تعزیتی ملاقات کے دوران جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب ملک محمد اصغر جوئیہ نے بھی مرحومہ کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع پر باہمی یکجہتی اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ دکھ میں شریک ہو کر غمزدہ خاندان کو سہارا دیا جائے۔

اس موقع پر ٹکٹ ہولڈر این اے چوہدری سمیع اُللہ، بشارت رندھوا، ضلع جنرل سیکرٹری میاں نبیل الرحمان، ٹکٹ ہولڈر پی پی ملک احمد عثمان چنڑ، سٹی صدر خرم خان، سٹی جنرل سیکرٹری شاہد رمضان اور دیگر معزز پارٹی رہنما و کارکنان بھی ہمراہ موجود تھے جنہوں نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی افتخار چیمہ اور ان کے خاندان کے لیے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقامی رہنماؤں نے مرحومہ کے انتقال کو بہاولپور کے لیے ایک ذاتی نقصان قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں