وفاقی وزیر احسن اقبال کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، غزہ معاہدے سمیت تحفظات زیرِغور
یوتھ ویژن نیوز : ( محمد عباس سے ) وفاقی وزیر احسن اقبال کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، غزہ پیس معاہدے، فلسطین اور قومی امور پر تحفظات زیرِغور آئے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم قومی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بالخصوص غزہ پیس معاہدے، فلسطین کی صورتحال اور خطے میں جاری سفارتی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کے غزہ پیس معاہدے سے متعلق تحفظات اور خدشات کو بغور سنا، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے امتِ مسلمہ کے جذبات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور دیگر اہم قومی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک غزہ امن بورڈ میں شامل، فلسطینی عوام کے حقوق اور امن کے لیے کردار ادا کریں گے: احسن اقبال
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بعض حکومتی فیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن کے مؤقف سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا، جبکہ احسن اقبال نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ مولانا فضل الرحمان کے تمام تحفظات اور تجاویز وزیراعظم تک پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اہم قومی معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے کی پالیسی پر کاربند ہے اور وسیع تر مشاورت کو ناگزیر سمجھتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے برقرار رکھنے اور قومی مفاد میں مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔