وفاقی محتسب کا 43 سالہ سفر: ساڑھے 25 لاکھ سے زائد شکایت کنندگان کی داد رسی، عوام کا بھرپور اعتماد حاصل
یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) وفاقی محتسب کے 43 سالہ سفر میں ساڑھے 25 لاکھ سے زائد شکایت کنندگان کی داد رسی کی گئی، ادارے نے ملک بھر میں عوام کا اعتماد حاصل کیا۔
لاہور: وفاقی محتسب کے ادارے نے 43 سال کے شفاف اور موثر خدماتی سفر کے دوران ساڑھے 25 لاکھ سے زائد شکایت کنندگان کے مسائل حل کیے ہیں، جن میں اکثریت ملک کے دور دراز علاقوں اور معاشرے کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھتی ہے۔ ادارے کے قیام کی 43 ویں سالگرہ کل 24 جنوری کو منائی گئی، جس کے موقع پر ریجنل آفس لاہور میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سینئیر ایڈوائزر انچارج عبدالحمید رازی نے کی۔ تقریب میں وفاقی محتسب کے تمام افسران اور اسٹاف نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری نے تقریب میں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں انہوں نے کہا کہ افسران اور عملے کی لگن اور محنت کی بدولت وفاقی محتسب ملک میں گڈ گورننس کی ایک مثال اور عوام الناس کے اعتماد کا ادارہ بن گیا ہے۔ 1983 میں اسلام آباد میں صدر دفتر کے قیام کے بعد چاروں صوبوں میں علاقائی دفاتر قائم کیے گئے، اور آج ملک بھر میں وفاقی محتسب کے 28 علاقائی دفاتر اور شکایات سینٹر فعال ہیں۔
سینئیر ایڈوائزر انچارج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کے مستقل اقدامات اور شفافیت نے عوام الناس کے اعتماد کو مستحکم کیا اور ادارے کو ملک کے ہر کونے میں شہریوں کی سہولت کے لیے قابلِ رشک مقام پر پہنچایا۔ ادارے نے نہ صرف شکایت کنندگان کے مسائل حل کیے بلکہ کمزور اور محروم طبقے کو انصاف تک رسائی کے قابل بنایا، جس سے وفاقی محتسب کی کامیاب خدمات کا سفر آج 43 سال مکمل کر چکا ہے۔