چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر کیے جانے کے موقع پر فائل فوٹو

یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا سے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر کر دیا گیا-

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو ان کی طویل سیاسی خدمات، پارلیمانی قیادت اور عالمی سطح پر مؤثر کردار کے اعتراف میں گلوبل مسلم بزنس فورم (جی ایم بی ایف) کا اعزازی سرپرست مقرر کر دیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اعزاز انہیں ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب وہ بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں پاکستان کی نمایاں نمائندگی کے باعث عالمی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی نے حالیہ برسوں میں بین الپارلیمانی روابط کے فروغ، جمہوری اقدار کے استحکام اور علاقائی تعاون کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا تشخص ایک ذمہ دار اور متحرک پارلیمانی ریاست کے طور پر مزید مستحکم ہوا ہے۔

اس تقرری سے چند ماہ قبل چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان میں ایک تاریخی عالمی کانفرنس کی میزبانی کی تھی جس میں دنیا کے 45 ممالک کے پارلیمانی اسپیکرز اور اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی، جبکہ مجموعی طور پر 117 سے زائد غیر ملکی مندوبین کی موجودگی نے اس اجلاس کو عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی۔ اس کانفرنس کو پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا، جس نے نہ صرف عالمی مکالمے کو فروغ دیا بلکہ پاکستان کے ادارہ جاتی وژن اور انتظامی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا پارلیمانی سفارت کاری پر زور

گلوبل مسلم بزنس فورم ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جو مسلم دنیا میں ذمہ دارانہ معاشی قیادت، باہمی تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس فورم کا مقصد سیاسی قیادت، کاروباری رہنماؤں، پالیسی سازوں اور دانشوروں کو ایک مشترکہ ایجنڈے کے تحت یکجا کرنا ہے۔ فورم کے عہدیداران کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی کی بطور اعزازی سرپرست نامزدگی مسلم دنیا میں ان کی بڑھتی ہوئی عالمی شناخت اور ادارہ جاتی بصیرت کا عملی اعتراف ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2025 میں کوالالمپور میں منعقدہ جی ایم بی ایف سربراہی اجلاس میں بھی چیئرمین سینیٹ کی شرکت اور تجاویز کو حکمرانی، سرمایہ کاری کے اعتماد اور اقتصادی تعاون سے متعلق مباحث میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔

اپنی تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر کیے جانے پر فخر ہے اور مسلم دنیا میں اقتصادی تعاون، باہمی تجارت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور مشترکہ معاشی حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے اور جی ایم بی ایف جیسے اقدامات غربت، بے روزگاری اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ تقرری نہ صرف سید یوسف رضا گیلانی کے ذاتی سیاسی کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے پارلیمانی اور معاشی مکالمے میں کردار کو بھی نئی جہت فراہم کرتی ہے، جو آنے والے برسوں میں مسلم دنیا کے اندر تعاون اور استحکام کے لیے مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں