مریم نواز کا ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کرنے کا اعلان۔
یوتھ ویژن نیوز : (امجد محمود بھٹی سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو جدید اور آسان طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ اعلان انہوں نے جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں امراض قلب کی نئی کیتھ لیبارٹری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران دل کے مریض کو دوسری جگہ منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ڈی ایچ کیو جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک 16 کیتھ لیبارٹریاں قائم کی جا چکی ہیں اور نواز شریف کینسر ہسپتال کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دھند میں احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی اپیل
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے ہسپتال نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے عوام کے لیے بھی علاج فراہم کر رہے ہیں اور غربت یا وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی مریض علاج سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے ایئر ایمبولینس کے ذریعے سیکڑوں مریضوں کی جانیں بچانے، اور اعضاء کی پیوند کاری کے حوالے سے مفت علاج فراہم کرنے پر بھی روشنی ڈالی۔
جھنگ میں واسا کے قیام سے سیوریج میں بہتری آئی ہے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے ضلع کی گلیاں اور محلے صاف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور پاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ بن چکا ہے، جہاں سب سے پہلے ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع ہوا تھا، اور اب اسے پورے صوبے میں وسعت دی جا رہی ہے تاکہ ہر ضلع کے عوام جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔