لودھراں بدلنے لگا، مریم نواز کے ویژن پر شہر کی بیوٹیفکیشن، جدید لائٹس اور ماڈل مارکیٹ کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہری ترقی اور خوبصورتی سے متعلق ویژن کے تحت ضلع لودھراں میں بیوٹیفکیشن کے ایک جامع منصوبے پر عملی کام تیزی سے جاری ہے، جس کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دن رات کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انتظامی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف شہر کو خوبصورت بنانا نہیں بلکہ شہریوں کو ایک بہتر، منظم اور جدید ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔ اسی سلسلے میں لودھراں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں، ملتان بہاول پور روڈ، سپر چوک، خانیوال چوک، چلڈرن پارک، گنگے والا پارک اور ماڈل مارکیٹ جیسے اہم مقامات کو بیوٹیفکیشن پلان میں شامل کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کی نگرانی ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف خود کر رہے ہیں، جہاں مختلف ڈیزائنز، جدید لائٹنگ آئیڈیاز اور شہری سجاوٹ کے آپشنز پر غور جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں شہر کو برقی قمقموں، جدید لائٹنگ سسٹم اور سرسبز و شاداب پودوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ شہری منظرنامہ خوشگوار اور دیدہ زیب بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس مقصد کیلئے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے بیوٹیفکیشن ایکسپرٹس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں، جو عالمی معیار کے مطابق شہری سجاوٹ کے منصوبے ترتیب دے رہے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کیلئے نمایاں مقام سمجھے جانے والے سپر چوک پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جہاں سڑک کی گرین بیلٹس میں لائٹنگ فاؤنٹین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سڑکوں کے میڈینز کو مختلف اور منفرد پیٹرنز میں ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ رات کے وقت شہر کا منظر مزید دلکش بن سکے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لودھراں کے انٹری گیٹس پر علاقائی ثقافت، مقامی شناخت اور تاریخی پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، جس سے شہر کی انفرادیت نمایاں ہوگی اور آنے والوں کو لودھراں کی ثقافتی پہچان کا احساس ملے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا سخت نوٹس—کم عمر طلبہ کی گرفتاری ممنوع
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ماڈل مارکیٹ، جسے ریڑھی بازار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، میں بھی بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکومتی سطح پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریڑھی بانوں کو ماڈل ریڑھیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ نہ صرف کاروبار منظم ہو بلکہ شہری خوبصورتی بھی برقرار رہے۔ ماڈل مارکیٹ میں جدید گیٹس، رنگ برنگی ٹائلز، آرکیٹیکچرل ڈیکوریشن اور روشنیوں کے مختلف ڈیزائنز پر کام کیا جا رہا ہے، جس سے خریداروں کیلئے ایک بہتر اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔
شہری تفریح کے حوالے سے گنگے والا محلہ کے پارک کو بھی اپڈیٹ کیا جا رہا ہے، جہاں رنگ برنگی لائٹس، جدید سہولیات اور بہتر تزئین و آرائش کے ذریعے اسے خاندانوں کیلئے ایک پرکشش تفریحی مقام بنانے کا منصوبہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا کہنا ہے کہ شہر میں اہم مقامات کی نشاندہی کیلئے جدید اور واضح سائن بورڈز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں اور باہر سے آنے والے افراد کو سہولت حاصل ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیوٹیفکیشن کا یہ منصوبہ وقتی نہیں بلکہ دیرپا اثرات کا حامل ہوگا، جس کے ذریعے لودھراں کو ایک منظم، خوبصورت اور ماڈل ضلع کے طور پر متعارف کرایا جائے گا، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کو عملی صورت دی جائے گی۔