وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں N-25 اور5 دانش اسکولوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
یوتھ ویژن نیوز : ( ثاقب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں قومی شاہراہ N-25 اور پانچ دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے صوبے کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیا۔
کوئٹہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں قومی شاہراہ N-25 اور صوبے کے مختلف علاقوں میں پانچ دانش اسکولوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور حکومت صوبے کو دیگر صوبوں کے ہم پلہ دیکھنا چاہتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو تعلیم، صحت، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی گورنر ہاؤس کوئٹہ آمد، گارڈ آف آنر پیش
وزیراعظم نے کہا کہ قومی شاہراہ N-25 بلوچستان کے لیے ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جو صوبے میں رابطوں، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے پانچ دانش اسکولوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے جبکہ جنوبی بلوچستان میں مزید دانش اسکول قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں میں طلبہ کو مفت تعلیم، رہائش اور خوراک فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کی ترقی، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر زور
وزیراعظم نے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر کا ہاتھ ہے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر حکومت کی اہم ذمہ داری ہے اور رواں سال بلوچستان میں ہزاروں گھروں کی تکمیل کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں گھروں کے سرٹیفکیٹس اور مالی امدادی چیکس بھی تقسیم کیے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزراء، عسکری حکام اور سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔