پاکستان اور امریکہ: تعلقات، سرمایہ کاری اور پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال
یوتھ ویژن نیوز : (خصؤصی رپورٹ علی رضا سے) امریکی سیاسی کونسلر، مس شیلی سیکسن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ کے چیئرمین، سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات، علاقائی حالات اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں، اور یہ تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اہداف پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا، بتایا کہ امریکہ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ملک میں تقریباً 80 امریکی کمپنیاں تقریباً 1,20,000 سے 1,50,000 افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔ گیلانی نے مزید کہا کہ زراعت، آئی ٹی، توانائی اور معدنیات میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے کھلے مواقع موجود ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں : ”چین کا بڑا فیصلہ: امریکہ کی 16 کمپنیوں پر تجارتی پابندیاں ختم کر دی“
علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کے کردار کو سراہا، خاص طور پر پاک–بھارت فوجی کشیدگی کے بعد امن عمل میں سہولت فراہم کرنے پر۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل، خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ اس کے علاوہ افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں پارلیمانی تعلقات، تعلیمی تعاون، ثقافتی روابط اور عوامی رابطوں کی اہمیت پر بھی بات کی گئی۔ مس شیلی سیکسن نے پاکستان کے موقف کی تعریف کی اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور عوام، تجارت اور سیاست میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔