حکومت سندھ اور کویتی کمپنی کا اشتراک، تین بڑے ترقیاتی سنگِ میل عبور
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) حکومت سندھ اور کویتی کمپنی کے اشتراک سے تھر کوئلہ، ٹیکنالوجی پارک اور ویسٹ واٹر منصوبوں سمیت تین بڑے ترقیاتی سنگِ میل عبور۔
کراچی میں حکومتِ سندھ اور کویتی کمپنی اینرٹیک ہولڈنگ کے اشتراک سے توانائی، انفرااسٹرکچر اور جدت کے شعبوں میں تین اہم ترقیاتی سنگِ میل عبور کر لیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق 215 ملین ڈالر مالیت کا نبیسر وجیہر واٹر سپلائی منصوبہ مکمل ہو گیا ہے جس سے تھر کوئلہ پاور منصوبوں کو پانی کی پائیدار فراہمی ممکن ہو گی، جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی میں 125 ملین ڈالر کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لیے کنسیشن معاہدے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کے لیے 400 ملین ڈالر سے زائد لاگت کے ٹی پی فور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے پر مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کامیابیاں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا عملی مظہر ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ منصوبے سندھ میں توانائی، ماحولیاتی بہتری، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔