وزیراعظم شہباز شریف کا کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے خصؤصی پیغام
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں مناتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
تقریب میں مسیحی رہنماؤں کے ساتھ وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکار اور دیگر اقلیتی برادریوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پوری انسانیت کے لیے محبت، بردباری اور خدمت کا پیغام لے کر آئے، اور آج دنیا کو ان تعلیمات کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے تعلیم، طب، دفاع اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والے مسیحی افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے مسیحی بھائی قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار عقیدت و احترام سے منایا جارہاہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، چاہے وہ مسجد ہو، مندر، گرجا گھر یا گوردوارہ، مذہبی آزادی آئینِ پاکستان کا حصہ ہے اور حکومت اس پر مکمل عملدرآمد کی پابند ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسی اقلیتی شہری کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی کی صورت میں قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا اور کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام مساوات، عدل، انصاف اور انسانی احترام کا درس دیتا ہے اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات بھی انہی اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور پاکستان سب شہریوں کا مشترکہ وطن ہے جہاں سب برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات کو بھی سراہا۔