ماہِ رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا، یکم رجب 22 دسمبر کو ہوگی
یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی امجد محمود بھٹی سے) ماہِ رجب المرجب 1447 ہجری کا چاند پاکستان میں نظر آ گیا، مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے مطابق یکم رجب 22 دسمبر کو ہوگی۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رجب المرجب 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے مطابق یکم رجب 22 دسمبر 2025 بروز پیر ہوگی۔ اعلان مرکزی اور زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاسوں کے بعد کیا گیا۔
چیئرمین کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اگرچہ بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا، تاہم کراچی، گوادر اور چند دیگر علاقوں سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں۔
اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ دعا میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، اتحادِ امت، اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خیر و عافیت کی التجا کی گئی۔