سید علی قاسم گیلانی نے سیلاب متاثرین کے 500 خاندانوں کا بیڑا سنبھال لیا

سید علی قاسم گیلانی کی جانب سے سیلاب متاثرہ خاندانوں میں گرم کپڑوں اور کمبل کی تقسیم کا منظر

یوتھ ویژن نیوز : ( مظہر اسحاق چشتی سے) ایم این اے سید علی قاسم گیلانی کی جانب سے NA-148 اور PP-213 میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں، 500 خاندانوں میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم۔

ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے اپنے حلقہ انتخاب NA-148 اور PP-213 میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے وسیع پیمانے پر امدادی اقدامات کیے۔ سرد موسم کے پیش نظر 500 مستحق خاندانوں میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کیے گئے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ، پارٹی کارکنان اور رضاکار بھی موجود تھے۔

سید علی قاسم گیلانی نے کہا کہ سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہے اور متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سیلاب کے آغاز سے متاثرہ علاقوں کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق راشن، خیموں اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں متاثرہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے لوڈر رکشے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقوم سے محروم خواتین کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ علاقہ مکینوں نے امدادی سرگرمیوں پر اطمینان اور امید کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں