گورنر خیبرپختونخوا کی تبدیلی کا امکان—6 بڑے نام سامنے آگئے
یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی امجد محمود بھٹی سے)خیبرپختونخوا میں گورنر کی تبدیلی کا امکان، نئے گورنر کے لیے 6 نام زیر غور جبکہ فیصل کریم کنڈی لاعلم نکلے۔ سیاسی و ریٹائرڈ افسران شامل۔
خیبرپختونخوا میں گورنر کی تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا ہے اور ذرائع کے مطابق نئے گورنر کے لیے مجموعی طور پر 6 نام زیر غور ہیں، جن میں 3 سیاسی شخصیات اور 3 ریٹائرڈ سیکیورٹی افسران شامل ہیں، جبکہ موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ممکنہ فیصلے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی شخصیات میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے چیئرمین پرویز خٹک کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب ریٹائرڈ افسران میں سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، سابق آئی جی ایف سی (ر) غیور محمود اور سابق آئی جی ایف سی (ر) طارق خان کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری سیاسی کھچاؤ اور گورنر ہاؤس و صوبائی حکومت کے درمیان اختلافات کے باعث تبدیلی کی بحث تیز ہوچکی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ حتمی فیصلہ کس کے حق میں آتا ہے اور آنے والے دنوں میں سیاسی منظرنامہ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔