پی این ایس سیف کولمبو پہنچ گیا—پاک بحریہ کا طوفان متاثرین کیلئے بڑا انسانی مشن
یوتھ ویژن نیوز: (واصب ابراہیم سے) پاک بحریہ کا بڑا انسانی مشن پی این ایس سیف طوفان متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر کولمبو پہنچ گیا۔
راولپنڈی سے جاری آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف سمندری طوفان ’دتواہ‘ سے متاثر ہونے والے سری لنکن شہریوں کے لیے فوری امداد لے کر کولمبو بندرگاہ پہنچ گیا، جہاں امدادی سامان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مقامی حکام کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اس مشن میں پاک بحریہ کے عملے نے خشک راشن، پکا ہوا کھانا، ضروری ادویات اور بنیادی ضرورت کی دیگر اشیاء شامل کیں تاکہ طوفان سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہ امداد نہ صرف مشکل وقت میں سری لنکا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے بلکہ پاک بحریہ کے انسانی ہمدردی کے عزم کی عملی مثال بھی ہے۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ضرورت پڑنے پر مزید امداد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے اور علاقائی تعاون کے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔