علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی
یوتھ ویژن نیوز: (نمائدہ خصؤصی عمر اسحاق چشتی سے) علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی کی استدعا کی۔
اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے معاملے پر ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کے 24 مارچ کے واضح احکامات کے باوجود انہیں اپنے بھائی سے ملنے نہیں دیا گیا، جو براہِ راست عدالتی حکم عدولی کے مترادف ہے۔ دائر درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور پنجاب کے سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کا حکم نہ ماننے والے تمام ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ علیمہ خان نے مؤقف اپنایا کہ متعدد درخواستوں اور عدالتی فیصلے کے باوجود ملاقات نہ کرانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا ہائی کورٹ اس عدالتی حکم کی توہین پر متعلقہ حکام کو سزا دے کر قانون کی بالادستی یقینی بنائے۔