پاکستان کی ترقی کا مرکز چھوٹے شہر اور پسماندہ علاقے ہیں، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ساؤتھ ایئر لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصوصی محمد علی مغل سے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے، اور وہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے محروم خطوں کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ہمیشہ ادا کرتے رہیں گے۔ نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کے آغاز کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تقریب محض ایک نئی ایئرلائن کا آغاز نہیں بلکہ پاکستان میں علاقائی رابطوں کے فروغ، معاشی شمولیت اور بہتر سفری سہولتوں کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کا قیام اِس امر کا عکاس ہے کہ وژن موجود ہو تو ترقی کی راہیں خود کھلتی چلی جاتی ہیں، اور چھوٹے شہروں تک فضائی رسائی ملکی ترقی کا لازمی ستون ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وہ خطے جو برسوں سے ترقی کے منتظر رہے، اب براہِ راست فضائی رابطوں کے ذریعے قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر عوام، کاروبار، تجارت، تعلیم، صحت اور خدمات کے شعبوں میں بہتر روابط پیدا کر کے قومی یکجہتی کو مضبوط کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں : یوسف رضا گیلانی کا بڑا اعلان! عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اپنی تقریر میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہا ہے، یہ شہر تہذیب، محبت اور خدمت کا مرکز ہے، اور یہاں کے لوگ جہاں محنت کی مثال ہیں وہیں ترقی کے ہر موقع پر خود کو ثابت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ساؤتھ ایئر کا ملتان سے آغاز اس اعتماد کا مظہر ہے کہ جنوبی پنجاب ملک کے روشن مستقبل میں بڑا کردار ادا کرے گا۔

یوسف رضا گیلانی نے ایس او ایس گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کنور طارق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ویژن نے ایک مشکل منصوبے کو حقیقت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے ساؤتھ ایئر کی سی ای او نشاط فاطمہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ایئرلائن کی قیادت ایک خاتون کے پاس ہے، جو پورے ملک کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ساتھ ہی چیف آپریٹنگ آفیسر ریٹائرڈ ائیر وائس مارشل اعجاز محمود ملک کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھی سراہا گیا۔

ساؤتھ ایئر کی افتتاحی تقریب میں سی ای او نشاط فاطمہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ پیش کر رہی ہیں
ساؤتھ ایئر کی افتتاحی تقریب میں سی ای او نشاط فاطمہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ پیش کر رہی ہیں

انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز جلد کراچی سے ملتان پہنچے گی اور پھر ملک کے دیگر شہروں تک فضائی رابطے قائم کیے جائیں گے، جس سے کاروبار، سفری سہولت اور داخلی معاشی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ گیلانی نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی ترقی، روزگار اور خوشحالی کے لیے ان کی کوششیں ہمیشہ جاری رہیں گی۔

تقریب میں وفاقی وزیر رانا قاسم نون، سابق سینیٹر ثنا جمالی، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی، ایم این اے عامر ڈوگر، اداکارہ فریال گوہر، کنور شاہد، سی ای او نشاط فاطمہ، سی او او اعجاز محمود ملک، بختاور تنویر شیخ اور مختلف سیاسی و سماجی رہنما بڑی تعداد میں شریک تھے۔

ساؤتھ ایئر کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی انتظامیہ کے ہمراہ گروپ فوٹو کے لیے موجود ہیں۔
ساؤتھ ایئر کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی انتظامیہ کے ہمراہ گروپ فوٹو کے لیے موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں