ملتان:یوسف رضا گیلانی کی طرف سےخصوصی افراد میں 8 ہزار وہیل چیئرز تقسیم،انسانیت اور خدمت کا شان دار مظاہرہ قرار

gilani-special-persons-8000-wheelchairs-distribution

یوتھ ویژن نیوز: ( خصوصی کاوش علی رضا سے) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا روشن چہرہ ہیں اور پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انہیں باعزت مواقع، سہولیات اور بااختیار زندگی فراہم کرے۔ ملتان میں سوسائٹی فار اسپیشل پرسنز (ایس ایس پی) کی جانب سے وہیل چیئرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر گیلانی نے کہا کہ ملتان پانچ ہزار سال قدیم تہذیب و تمدن کا شہر ہے جہاں آج بھی انسان دوستی، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی روایات زندہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مشنری اسکول میں تعلیم حاصل کی اور ان کے اساتذہ مسیحی برادری سے تعلق رکھتے تھے، جو اس شہر کے امن، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسے ادوار بھی گزرے ہیں جب خواتین کو تصویر والا شناختی کارڈ حاصل کرنے کی تک رسائی نہیں تھی، مگر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کو شناخت، معاشی تحفظ، وقار اور خودمختاری فراہم کی اور آج یہ خواتین نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
قائم مقام صدر گیلانی نے اپنے خطاب کے دوران عالمی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو زلزلوں، سیلابوں اور دیگر قدرتی آفات میں ہمیشہ اقوامِ متحدہ اور عالمی تنظیموں نے بھرپور تعاون فراہم کیا جس کی وجہ سے لاکھوں متاثرہ افراد کی بحالی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا اصل پیغام یہ ہے کہ ہم ان لوگوں کے لیے کام کریں جو بدلے میں کچھ نہیں دے سکتے، کیونکہ یہی عمل معاشرے میں حقیقی تبدیلی لاتا ہے۔ اس دوران تقریب کے شرکاء نے جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کا مطالبہ بھی کیا، جس پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ پہلے ایسے رہنما ہیں جنہوں نے پنجاب اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ تینوں ایوانوں سے جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صرف نام کا صوبہ نہیں چاہیے بلکہ مکمل اختیارات، الگ اسمبلی، الگ وزیراعلیٰ، الگ گورنر، علیحدہ بجٹ، این ایف سی ایوارڈ میں حصہ اور سینیٹ میں مناسب نمائندگی دینا ضروری ہے تاکہ مسائل کا مستقل حل نکل سکے۔
قائم مقام صدر نے بتایا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے جنوبی پنجاب کے لیے چونتیس فیصد بجٹ مختص کیا جس کے تحت یونیورسٹیاں، کالجز، پل، بائی پاس، ہسپتال اور متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ننانوے فیصد لوگ روزگار کی تلاش میں ان کے پاس آتے ہیں، لیکن مستقل ترقی اور روزگار کے پائیدار حل کے لیے نئے صوبے کا قیام ناگزیر ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے سوسائٹی فار اسپیشل پرسنز کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ معذور افراد کو نہ صرف معیاری وہیل چیئرز فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں ہنر مندی، روزگار، ٹیکنیکل ٹریننگ اور باعزت زندگی کے مواقع بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی نے اب تک آٹھ ہزار سے زائد خصوصی وہیل چیئرز فراہم کی ہیں جبکہ ایک ہزار سے زیادہ افراد کمپیوٹر، سلائی، کرافٹس اور دیگر ہنر سیکھ کر خود کفیل ہو چکے ہیں، اور تین سو افراد کو وہیل چیئر بنانے اور مرمت کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی معذور افراد کو وہیل چیئرز، خوراک، اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا جبکہ جنوبی پنجاب کی معذور خواتین کو ہنر و تربیت دے کر معاشی طور پر مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں۔
قائم مقام صدر گیلانی نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی اداروں کی مدد سے ملتان میں یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور ہزاروں معذور افراد کو نئی زندگی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کی شمولیت، ان تک آسان رسائی، بہتر انفراسٹرکچر اور انہیں بااختیار بنانے کی پالیسی ہی ایک مضبوط اور منصفانہ ریاست کی بنیاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی فلاحی سرگرمیوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کا معاشرہ آج بھی انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور حکومت اس جذبے کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے خصوصی بچوں اور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کیں اور ان کے لیے روشن مستقبل کی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں